امریکی ریاست میری لینڈ میں ایک گھوڑا گڑھے میں گر گیا، جسے بڑی جدوجہد کے بعد فائر فائٹرز نے گڑھے سے باہر نکال لیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ صبح فائر فائٹرز ایک ایسے گھوڑے کی مدد کے لیے پہنچے جو لکڑی کے ایک تختے پر چلنے کی کوشش میں تختے کے ٹوٹ جانے کی وجہ سے تقریباً 8 سے 10 فٹ گہرے گڑھے میں پھنس گیا تھا۔
بالٹی مور کاؤنٹی فائر ڈپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا پر بتایا ہے کہ ریسکیو عملہ جمعرات کی صبح ہینوور روڈ پر واقع ایک مقام پر پہنچا جہاں ایک گھوڑا گہرے گڑھے میں گر کر پھنس گیا تھا۔
فائر فائٹرز نے گھوڑے کو بچانے کے لیے ہوورڈ کاؤنٹی کے فائر اینڈ ریسکیو سروسز کے اسپیشل آپریشنز عملے کے ساتھ مل کر ایک منصوبہ ترتیب دیا۔
اس منصوبے کے تحت گھوڑے کو بے ہوشی کی دوا دی گئی جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں و فائر فائٹرز نے گھوڑے کو گڑھے سے اٹھا کر باہر نکالنے کے لیے ایک مقامی کمپنی سے کرین بھی حاصل کی جس کی مدد سے اسے گڑھے سے نکال لیا گیا۔
بظاہر گڑھے میں گرنے سے گھوڑا زخمی نہیں ہوا تھا، لیکن اسے ایک جانوروں کے ڈاکٹر کی دیکھ بھال میں دے دیا گیا تاکہ وہ بے ہوشی کی دوا کے اثر سے باہر آ سکے۔