• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی خوبصورتی بڑھائیں، سیڑھیوں کو روشن بنائیں

گھر کی سیڑھیوں (Stairways)کی اچھی لائٹنگ کرنا اتنا ہی اہم ہے، جتنا گھر کے کمروں کی بہترین لائٹنگ کرنا۔ گھر کی لائٹنگ کرتے وقت سیڑھیوں کو کسی صورت بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ سیڑھیوں کی لائٹنگ ایک طرح سے حفاظت ہے اور اس سے سیڑھیوں میں پیش آنے والے حادثات سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

حادثات سے مراد یہ ہے کہ اندھیرے میں سیڑھیاں چڑھتے یا اُترتے وقت، کسی بھی وقت ایک غلط اسٹیپ لینے کے تکلیف دہ نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ سیڑھیاں چاہے اِن۔ڈور ہوں یا آؤٹ۔ڈور، دونوں کی لائٹنگ یکساں اہمیت کی حامل ہے۔ 

اس کے علاوہ، اگر گھر کی آرائش کی بات کریں تو کچھ لوگ گھر کے کمروں، کچن اور صحن کی سجاوٹ پر تو خوب توجہ دیتے ہیں، تاہم گھر کی سیڑھیوں کو یکسر نظر انداز کردیتے ہیں اور سیڑھیوں کے کوریڈور کو سادہ ہی چھوڑ دیتے ہیں۔ 

اگر آپ نے ابھی تک گھر کی سیڑھیوں کوسادہ رکھا ہوا ہے اور وہاں روشنی کا مناسب انتظام نہیں کیا ہوا تو یہاں ہم آپ کی رہنما کے لیے سیڑھیوں کو روشن کرنے کے کچھ بہترین آئیڈیاز شیئر کرنے جارہے ہیں۔

LED Lights

لائٹس، سیڑھیوں کے اندھیرے میں حفاظت کے علاوہ کمرے کو ایک نفیس روشنی بھی بخشتی ہیں۔ اس کے لیے سب سے بہترین آپشن ایل ای ڈی لائٹس کا استعمال ہے۔ کم توانائی خرچ کرنے کی خصوصیت رکھنے کے باعث ایل ای ڈی لائٹ سے بہتر کچھ بھی نہیں۔ اس طرح کی سیڑھیوں میں سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہر اسٹیپ پر فلور ٹائل کے نیچے ایک ایل ای ڈی اسٹرپ نصب کردیں۔اس کی مدھم روشنی ہر طرف پھیل جائے گی۔

Solar Wedge Lights

اس طرح کی سولر لائٹس آؤٹ ڈور سیڑھیوں کے لیے بہترین ہیں۔ ان لائٹس کے چارج ہونے کے لیے ضروری ہے کہ ان پر سورج کی دھوپ براہِ راست اور پوری پڑتی ہو، جس کے بعد رات کے وقت انھیں آن کردیا جائے۔ ان سولر لائٹس سے ناصرف سیڑھیاں بلکہ ارد گرد کا ماحول بھی روشن ہوجائے گا۔

Hanging Lights

یہ لائٹ ان گھروں کے لیے بہترین ہے، جہاں سیڑھیاں صرف ایک فلور تک اوپر جاتی ہیں تاکہ فلور کے اوپر چھت میں ان لائٹس کو لٹکایا جاسکے۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اس U-shapedسیڑھی میں یہ Pendantلائٹس سفید ہوڈ کے ساتھ سیڑھیوں کو ناصرف زبردست آرائش فراہم کررہی ہیں بلکہ ان کی روشنی بھی آنکھوں کو بھانے والی ہے۔

Wall Surface Lighting

یہ سیڑھیوں کو روشن کرنے کا ایک اور انوکھا اور منفرد اسٹائل ہے۔ سیڑھیوں کے ساتھ والی دیوار پر ایل ای ڈی لائٹس کی اسٹرپ کو سہارا دینے کے لیے لگائے گئے ’ہینڈریل‘ کے نچلے حصے میں نصب کردیں، یہ لائٹس سیڑھیوں کو اس طرح روشن کریں گی کہ آپ کو نظر بھی نہیں آئے گا کہ روشنی کہاں سے پڑ رہی ہے۔ خصوصاً جس گھر میں بچوں کی چہل پہل رہتی ہو، وہاں یہ لائٹس بہترین ہیں۔

Exterior Stairway Step Light

آؤٹ ڈور Stairاور Step لائٹنگ آپ کے آنے جانے کے راستوں کو روشن، آپ کے صحن کو اضافی تحفظ اور ماحول کو نفاست بخشتی ہے۔ یہ لائٹس ایل ای ڈی، اِن کینڈیسنٹ اور سولر، تینوں ٹیکنالوجیز میں دستیاب ہیں۔ 

ان لائٹس کو سیڑھیوں کے ہر اسٹیپ پر سامنے سے نصب کریں اور انھیں ہینڈ ریل پر بھی لگایا جاسکتا ہے۔ لائٹس کی تنصیب تھوڑے تھوڑے فاصلے پر کریں۔ ان لائٹس سے آؤٹ ڈور سیڑھیاں رات کے وقت روشن ہوکر کھِل اُٹھتی ہیں۔

Exterior Stairs Lights

بیرونی سیڑھیوں کی لائٹس گارڈن ، صحن اور سوئمنگ پول کو جانے والی سیڑھیوں کے لیے بہترین ثابت ہوتی ہیں۔ ان کا ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ رات کے وقت سیڑھیوں، صحن اور گارڈن کو روشن کردیں۔ رات کے وقت ان لائٹس کی روشنی سے سیڑھیوں کا منفرد پتھر نکھر کر سامنے آتا ہے۔

Stone Pathway Lighting

اگر آپ کو گھر میں داخل ہونے کے لیے پتھر کی سیڑھیوں سے گزر کر جانا پڑتا ہے تو انھیں آپ خوب صورت طریقے سے روشن بنا سکتے ہیں۔ گلاس فریم کے اندر نصب ایل ای ڈی لائٹس کو آپ ہر دواسٹیپ چھوڑ کرتیسرے اسٹیپ پر نصب کریں۔ 

لائٹ پھیل کر ہر طرف روشنی پھیلا دے گی۔ ایسی لائٹنگ کا فائدہ یہ ہے کہ اس کے لیے آپ کو زیادہ لائٹس کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس کی مدھم روشنی کافی رومانوی محسوس ہوتی ہے۔

Stairway Lighting Fixtures

ہم فانوس کو بہت پسند سے گھر کی چھتوں اور دیواروں پر لگاتے ہیں۔ انھیں آن، آف کرنے کے لیے وال سوئچ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اب جدید فانوس میں ایل ای ڈی لائٹس بھی استعمال ہونے لگی ہیں۔ 

کاپر سے بنے اس فانوس کو سیڑھیوں کو روشن رکھنے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ یہ ایک اینٹیک روایتی لائٹنگ کا انداز ہے، جو آپ کے گھر کو شاندار Look دیتا ہے۔ اس کی خاصیت یہ ہے کہ سارے کمرے کو روشن کردیتا ہے اور خوش قسمتی سے یہ کئی سائز میں دستیاب ہے۔

Led Stair Lights With Sensor

سیڑھیوں کے کوریڈور میں لگائی جانے والی یہ لائٹس وائر لیس موشن سینسر رکھتی ہیں اور یہ دیوار پر نصب کی جاتی ہیں۔ لائٹس میں لگے سینسر کے باعث جب بھی آپ سیڑھیوں سے گزریں گے تو لائٹس خود بخود آن ہوجائیں گی ور جب آپ وہاں سے گزر کر جا چکے ہوں گے تو تھوڑی دیر بعد لائٹس خود بخود آف ہوجائیں گی۔ 

اس طرح آپ کو ناتو ان لائٹس کو آن کرنا پڑتا ہے اور ناہی انھیں آف کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ آپ بھی اپنے گھر کی سیڑھیوں میں ان لائٹس کی تنصیب کریں اور لائٹس کھولنے، بند کرنے کی زحمت سے بچیں۔