• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرب دنیا کی اسرائیلی وزیراعظم کے ’گریٹر اسرائیل‘ کے بیان پر شدید مذمت

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

پاکستان اور سعودی عرب کے بعد متعدد عرب ممالک اور علاقائی تنظیموں نے بھی اسرائیلی وزیرِاعظم بن یامین نیتن یاہو کے ’گریٹر اسرائیل‘ کے بیان کی شدید مذمت کی ہے۔

نیتن یاہو نے منگل کو اسرائیلی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ’گریٹر اسرائیل‘ کے تصور سے بہت انسیت رکھتے ہیں اس موضوع سے دل سے جڑے ہوئے ہیں۔

پاکستان کا مؤقف

پاکستان نے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بےدخلی کی اسرائیلی سازش کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ بین الاقوامی برادری ایسے اشتعال انگیز تصورات کو یکسر مسترد کرے، یہ اقدامات بین الاقوامی قانون، اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور متعلقہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری فوری طور پر ٹھوس اقدامات کرے تاکہ اسرائیل کو خطے کو مزید غیر مستحکم کرنے سے روکا جا سکے۔

سعودی عرب کا مؤقف

سعودی وزارتِ خارجہ نے جاری کردہ بیان میں واضح کیا کہ سعودی عرب اسرائیل کے ’توسیع پسندانہ منصوبوں اور آبادکاری کی پالیسیوں‘ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔ 

سعودی وزارت نے کہا کہ فلسطینی عوام کو تاریخی اور قانونی طور پر اپنی سرزمین پر ایک آزاد اور خودمختار ریاست قائم کرنے کا حق حاصل ہے۔

بیان میں عالمی برادری کو متنبہ کیا گیا کہ اسرائیلی قبضے کی یہ پالیسیاں ’بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ‘ ہیں۔

دیگر عرب ممالک کے ردِعمل

فلسطینی اتھارٹی نے اس بیان کو ’فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی کھلی نفی‘ اور ’خطرناک اشتعال انگیزی‘ قرار دیا ہے۔

قطر نے کہا کہ یہ سوچ ’تکبر اور قبضے کی پالیسی‘ کی عکاس ہے جو خطے میں بحران اور تنازعات کو ہوا دیتی ہے۔

مصر نے اسے خطے میں امن اور استحکام کی کوششوں کے منافی قرار دیتے ہوئے مذاکرات کی بحالی اور دو ریاستی حل پر زور دیا۔

اردن نے نیتن یاہو کے الفاظ کو ’خطرناک اور اشتعال انگیز اضافہ‘ کہا ہے۔

اردن کے وزارتِ خارجہ کے ترجمان سفیان القضاہ نے کہا کہ اسرائیلی قیادت کا منصوبہ اور وہم عرب ممالک یا فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق پر اثر انداز نہیں ہوں گے۔

یمن نے فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت دہراتے ہوئے عالمی برادری خصوصاً سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی رہنماؤں کو جواب دہ بنایا جائے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید