نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے حالیہ کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں، حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ایک بیان میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی ادارے، مسلح افواج اور مقامی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔
انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے طے شدہ برطانیہ دورے کے دوران صرف سرکاری ملاقاتیں ہوں گی، برطانوی پاکستانیوں سے طے شدہ کمیونٹی ملاقات منسوخ کر دی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فیصلہ غمزدہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی اور قومی ریلیف کوششوں پر توجہ کے لیے کیا گیا۔ تمام پاکستانی متاثرین کے لیے دعا اور امدادی کاموں میں حصہ ڈالیں۔
واضح رہے کہ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارش اور سیلاب کے باعث حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 321 ہو گئی ہے۔