معروف اداکار قیصر نظامانی نے اہلیہ فضیلہ قاضی کے لیے دل چھو لینے والا جذباتی پیغام شیئر کردیا۔
پاکستان کی نامور اداکارہ فضیلہ قاضی کو ان کی شاندار فنی خدمات پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارۂ امتیاز سے نوازا جا رہا ہے، یہ اعزاز انہیں 23 مارچ 2026ء کو سرکاری سطح پر دیا جائے گا۔
فضیلہ قاضی پی ٹی وی کے سنہری دور سے لے کر آج تک اردو اور سندھی ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری اور دلکش شخصیت کے باعث ناظرین کے دلوں پر راج کرتی رہی ہیں.
ان کے شوہر اور نامور فنکار قیصر نظامانی نے اہلیہ کی کامیابی پر ایک جذباتی نوٹ لکھا جس میں انہوں نے فضیلہ قاضی کو اپنا سپر اسٹار قرار دیا۔
قیصر نظامانی نے کہا کہ یہ لمحہ صرف ان کی اہلیہ کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے خاندان اور ان کے مداحوں کے لیے بھی فخر کا باعث ہے۔
ادکار نے مزید لکھا کہ میں فضیلہ کے کیریئر کے دوران انتھک محنت اور اپنے کام سے والہانہ لگاؤ کا عینی شاہد ہوں، یہی وجہ ہے کہ میں اس ایوارڈ کی اہمیت سب سے زیادہ جانتا ہوں اور اپنی بیوی فضیلہ قاضی کو بہت بہت مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
قبل ازیں فضیلہ قاضی نے بھی انسٹاگرام پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ مستقبل میں بھی فنون لطیفہ کے میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے کوشاں رہیں گی۔
انہوں نے اپنے مداحوں اور ساتھی فنکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان سب کی دعاؤں اور محبتوں کا نتیجہ ہے۔