کراچی کے صحافی خاور حسین کی سانگھڑ میں گاڑی سے لاش ملنے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی گئی۔
کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) آزاد خان کریں گے۔
کمیٹی کے ممبران میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) عرفان بلوچ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سانگھڑ عابد بلوچ شامل ہیں۔
وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء لنجار کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی صحافی کی پراسرار موت کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی اور 7 روز میں اپنی رپورٹ محکمۂ داخلہ سندھ کو دے گی۔
ضیاء لنجار نے کہا ہہے کہ کمیٹی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن ایف آئی آر کے اندراج کے بعد جاری کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سانگھڑ میں حیدرآباد روڈ پر گاڑی سے کراچی کے صحافی خاور حسین کی لاش ملی تھی۔