• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: مکان کی چھت پر رکھے ڈرم سے کئی روز پرانی مرد کی لاش برآمد، بیوی بچے لاپتہ

—فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
—فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع الور میں مکان کی چھت سے ایک شخص کی ڈرم سے کئی روز پرانی لاش  ملی ہے، جبکہ اس کے بیوی بچے لاپتہ ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کی شناخت ہنس راج عرف سورج کے نام سے ہوئی ہے، جو اترپردیش کا رہائشی تھا اور قریبی علاقے میں بنے اینٹوں کے بھٹے پر کام کرتا تھا، وہ تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل اپنی فیملی کے ہمراہ کرائے کے مکان میں منتقل ہوا تھا۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ہنس راج کی بیوی اور اس کے 3 بچے واقعے کے بعد سے لاپتہ ہیں، مکان کی مالکن جو ایک معمر خاتون ہیں انہوں نے پہلی منزل پر جاتے وقت شدید بو محسوس کرنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی تھی۔

پولیس اور فرانزک ٹیم موقع پر پہنچی تو مکان کی چھت پر رکھے نیلے ڈرم میں ایک پتھر سے منہ بند کر کے لاش رکھی گئی تھی۔

پولیس افسران نے بتایا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ لاش کتنے دنوں سے ڈرم میں تھی اور قتل کی وجوہات کیا تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور لواحقین سے رابطہ کرنے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اتر پردیش میں بھی ڈرم سے لاش ملنے کا  ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں ایک شخص کو اس کی بیوی نے آشنا کے ساتھ مل کر قتل کر کے لاش کے ٹکڑے کر کے ڈرم میں سیمنٹ کے نیچے دفنا دیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید