وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزراء اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی کا دورہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو کے پی میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرین سے اظہار یکجہتی اور ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور پاک فوج متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ غیرقانونی قبضے، ٹمبر مافیا اور مائننگ سرگرمیاں بڑے نقصان کی وجہ ہیں، پاکستان کو سخت ریاست بننا ہوگا، کسی کو قانون سے بالاتر نہیں ہونے دیں گے۔
اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعینات افواج، پولیس اور سول انتظامیہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد اولین ترجیح ہے، کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سب سے پہلے سوات پہنچے جہاں وفاقی وزیر امیر مقام نے ان کا استقبال کیا۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک 350 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 228 کا تعلق بونیر سے ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان کی ترسیل جاری ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آج صبح باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے دو الگ الگ امدادی کھیپیں روانہ کی گئیں جن میں خیمے، کمبل، جنریٹر، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن بیگز اور ادویات شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے مطابق امدادی سامان سیلاب متاثرین میں تقسیم کے لیے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا، این ڈی ایم اے، مسلح افواج اور فلاحی اداروں کے تعاون سے کے پی اورگلگت بلتستان کے لیے امدادی سامان روانہ کر رہا ہے۔