• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا کو پہلے دہشت گردی اور اب موسمیاتی بحران کا سامنا ہے، فیصل کنڈی

خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پہلے ان کا صوبہ دہشت گردی سے لڑ رہا تھا، اب اسے کلائمیٹ چیلنج کے بحران کا بھی سامنا ہے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی دارالحکومت برسلز پہنچنے کے بعد ایک عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

گورنر فیصل کریم کنڈی چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کی خصوصی دعوت پر برسلز پہنچے ہیں جہاں وہ یورپی پریس کلب برسلز میں کشمیر پر منعقد ہونے والی ایک کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کریں گے۔

راجہ خالد اور علی دلدار چوہدری کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں حالیہ پاک بھارت تنازع، خیبر پختونخوا میں دہشتگردی اور اس کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات جیسے مختلف موضوعات کا احاطہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مئی کے پاک بھارت تنازع میں بھارت نے غلط اور یکطرفہ فیصلہ کیا اور پاکستان کی بات نہیں سنی۔ جس پر قومی سیاسی جماعتوں، قومی میڈیا اور قوم کے دیگر تمام شعبوں نے اپنی فوج کی پشت پر کھڑے ہوکر اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو اس کی جارحیت کا جواب دیا۔

بعد ازاں بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستان کے پارلیمانی وفد نے بھی دنیا بھر میں پاکستان کا موقف انتہائی جاندار انداز میں پیش کیا۔ اس طرح انہوں نے اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو شہید اور والدہ بے نظیر بھٹو شہید کی طرح پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا۔

اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے گورنر کنڈی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں میں کلائوڈ برسٹ ہمارے لیے ایک ایسا چیلنج ہے جس کی پیشگوئی ممکن نہیں۔ 

انھوں نے کہا ہماری فورسز اور ہمارے قبائل نے ملکر اس عفریت کو شکست دی تھی۔ قبائلی علاقے کے لوگوں نے امن کے حصول اور دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے بہت بڑی ہجرت کی صورت میں قربانی دی۔ اب بھی اس سے ہم سب ملکر نبرد آزما ہو رہے ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں روزانہ کے حساب سے فورسز کے جوان شہید ہو رہے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں دہشت گرد کھلے عام کارروائیوں میں مصروف اور بھتہ خوری کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسے ان پالیسی اقدامات کا شاخسانہ قرار دیا جن پر عمل کرتے ہوئے کئی پہلو نظر انداز کیے گئے۔ 

انہوں نے دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پر بھی روشنی ڈالی۔ 

قبل ازیں راجہ خالد، سردار صدیق اور علی رضا سید کے علاوہ پاک بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رانا جاوید کوثر نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو برسلز آمد پر خوش آمدید کہا اور توقع ظاہر کی کہ ان کے دورے سے یورپ میں کشمیر کاز پر کام کرنے والی تنظیموں کو تقویت ملے گی۔

جبکہ مقررین نے اسلام آباد اوورسیز کنونشن کے موقع پر گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے مہمانوں کو وقت دینے اور ان کی تواضع کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

قومی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید