بالی ووڈ کی پرکشش اداکارہ کیرتی سینن نے کہا ہے کہ بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں آؤٹ سائیڈرز کے لیے کچھ بھی آسان نہیں، یہاں فری لنچ نہیں ملتے۔
ایک بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو کے دوران نئی دہلی کی پنجابی ہندو فیملی سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ اداکارہ نے اپنے بالی ووڈ کیریئر اور باہر سے آنے والوں کی جد و جہد پر گفتگو کی۔
انجینئرنگ پڑھ کر آنے والی کیرتی نے فلموں سے پہلے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا، جس کے بعد انھوں نے 2014 کی فلم ہیروپنتی سے خود کو منوایا، یہ فلم کمرشل اور پرفارمنس دونوں میں ہٹ ثابت ہوئی۔
2021 کی فلم ممی میں ان کے کردار پر انھیں بہترین اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ دیا گیا جو انھوں نے عالیہ بھٹ کے ساتھ شیئر کیا۔ انھوں نے بالی ووڈ میں ایک باہر والے کے طور پر اپنے تجربے کے بارے میں بتایا کہ ان کا سفر صبر، محنت اور خود پر یقین کا متقاضی تھا۔
انھوں نے کہا کہ آپ کو واقعی اس کے لیے پُرعزم ہونا پڑتا ہے اور اس میں کوئی شارٹ کٹ نہیں۔ کچھ بھی آسانی سے نہیں ملتا، یہاں کوئی مفت کا کھانا نہیں دیتا۔ آپ کو سخت محنت کرنا پڑتی ہے۔
انکے مطابق جو بات بہت اہم ہے وہ یہ کہ ہمت نہیں ہارنا چاہیے کیونکہ ایسے وقت ضرور آئیں گے، خاص طور پر جب آپ فلمی پس منظر سے تعلق نہیں رکھتے تو کوئی بھی چیز آپ کو آسانی سے نہیں ملے گی۔