بالی ووڈ کے شہنشاہ جذبات امیتابھ بچن اپنے چاہنے والوں کی بے مثال محبت دیکھ کر جذباتی ہو گئے۔
گزشتہ اتوار کو ان کی ’جلسہ‘ کے نام سے منسوب رہائش گاہ کے باہر مداحوں کا سمندر امڈ آیا، جس کی ویڈیوز اور تصاویر انہوں نے اپنے بلاگ پر شیئر کر دیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے لکھا کہ مداحوں کی محبت اور میرے لیے فکر ناقابلِ پیمائش ہے، میں نے ایسا کیا کیا ہے کہ مجھے اتنی محبت اور عزت دی جا رہی ہے؟
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کی رہائش گاہ کے باہر ہزاروں مداح ان کا نام پکار رہے ہیں، جب کہ وہ ان سے ملنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
امیتابھ نے جذباتی لہجے میں لکھا کہ مداحوں کی محبت، ان کا جذباتی اظہار، سب بے مثال ہیں، میں سمجھ ہی نہیں پاتا کہ میں اس سب کا مستحق کیسے ٹھہرا۔
اپنے خیالات شیئر کرتے ہوئے لیجنڈ اداکار نے لکھا ہے کہ انسان جب دوسروں کی رائے زیادہ لینے لگتا ہے تو فیصلہ کرنا مشکل ہو جاتا ہے، یہ فیصلہ تمہارا ہے یا دوسروں کا؟ سوچو!
امیتابھ بچن نے ایک مداح کے ہاتھ میں پکڑے ہوئے پوسٹر کی بھی تصویر شیئر کی، جس میں ان کے صاحبزادے ابھیشیک بچن کی فلموں کی تعریف کی گئی تھی۔
اس پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ بیٹا باعثِ فخر ہے اور ہم بہت خوش نصیب ہیں۔
ابھیشیک بچن کو آخری بار فلم ’کالی دھر لاپتہ‘ میں دیکھا گیا جو تامل فلم ’کے ڈی‘ کا ہندی ری میک ہے، ان کی اگلی فلم ’کنگ‘ ہے جس میں ان کے ہمراہ شاہ رخ خان، سوہانا خان، دیپیکا پڈوکون اور اکشے اوبرائے بھی ہوں گے۔
دوسری جانب امیتابھ بچن کو آخری بار تامل فلم ’ویٹائیان‘ میں دیکھا گیا، جس میں رجنی کانت، فہد فاضل، رانا دگوبتی اور دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔