• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سارہ علی خان کے سابق بوائے فرینڈ ویر پہاڑیہ کیسے تارا ستاریا کے قریب آئے؟

ویر پہاڑیہ اور تارا ستاریا—فائل فوٹوز
ویر پہاڑیہ اور تارا ستاریا—فائل فوٹوز

بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان کے سابق بوائے فرینڈ اداکار ویر پہاڑیہ کیسے اداکارہ تارا ستاریا کے قریب آئے؟ کیسے دونوں میں محبت ہوئی، انہوں نے یہ راز کھول دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ تارا ستاریہ اور ویر پہاڑیہ نے رواں سال کے اوائل میں اپنے تعلقات کو عوامی سطح پر تسلیم کیا، اب دونوں نے اپنے تعلق کے ابتدائی دنوں کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔

کافی قیاس آرائیوں کے بعد اس جوڑے نے جولائی 2025ء میں اپنے تعلقات کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔

ویر پہاڑیہ نے انٹرویو میں کہا کہ مجھے یہ بات پسند ہے کہ ہم نے پہلی ملاقات سے ہی اپنی محبت اور جذبات کو کھلے دل سے قبول کیا اور جہاں بھی گئے، اپنے احساسات کے اظہار سے کبھی نہیں جھجکے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کوئی خاص لمحہ تھا جس نے ان کے رشتے کو نیا رخ دیا؟ تو ویر نے موسیقی سے بھرپور ایک شام کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ شاید ہماری پہلی ڈیٹ نائٹ تھی، جب میں نے پیانو بجایا اور تارا نے گانا گایا، یہاں تک کہ سورج نکل آیا۔

دوسری جانب تارا ستاریا کا کہنا تھا کہ ہمارا رشتہ کسی ایک لمحے کا نتیجہ نہیں بلکہ وقت کے ساتھ مضبوط ہوتا گیا، مشکل اور آسان ہر لمحے میں ہم نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا، جیسے ہم ایک دوسرے کو پوری زندگی سے جانتے ہوں اور یہی بات شروع سے خاص رہی۔

اپنی پہلی مشترکہ سیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے تارا نے ایک دلچسپ خاندانی روایت کا ذکر کیا اور بتایا کہ بچپن سے میری امی کہتی تھیں کہ آئل آف کیپری وہ جگہ ہے جہاں آپ اپنے بہترین دوست اور محبوب کو لے جاتے ہیں، کہا جاتا ہے کہ اگر کشتی میں اس جزیرے کے پاس سے گزرتے ہوئے آپ اس شخص کو گلے لگا لیں تو یہ رشتہ ہمیشہ خاص رہتا ہے اور ہم نے بالکل یہی کیا۔

ویر نے بھی اس مقام کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ جگہ امالفی کوسٹ پر ہم دونوں کے لیے خاص تھی، ہم دونوں ایک دوسرے کو جاننے سے پہلے ہی یہ طے کر چکے تھے کہ جب ہمیں وہ خاص شخصیت ملے گی تو ہم اسے یہاں لے کر جائیں گے۔

رشتے کا باضابطہ اعلان ہونے کے بعد تارا اور ویر مختلف عوامی تقریبات اور سوشل میڈیا پر ایک ساتھ نظر آتے رہے ہیں۔

ویر پہاڑیہ کو حال ہی میں اکشے کمار کے ساتھ فلم ’اسکائی فورس‘ میں دیکھا گیا، جبکہ تارا نے اپنی 30ویں سالگرہ خاندان اور ویر کی موجودگی میں منائی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید