پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے انکشاف کیا کہ اُنہیں ون ڈے میچز میں آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بیٹر ایڈم گلکرسٹ کے خلاف کھیلتے ہوئے مشکل ہوئی۔
وسیم اکرم نے ’اسٹک ٹو کرکٹ‘ پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے 17 سالہ کرکٹ کیریئر کے بارے میں بات کی۔
اس پوڈکاسٹ میں جب ان سے بہترین بیٹر کا نام پوچھا گیا تو اُنہوں نے جواب میں بتایا کہ لوگ اکثر مجھ سے یہ سوال پوچھتے ہیں اور میری نظر میں سر ویوین رچرڈز بہترین بیٹر ہیں، میں یہ صرف ان کی شاندار بیٹنگ کی وجہ سے نہیں کہہ رہا بلکہ ان کا کردار بھی بہت زبردست تھا، وہ سب کے ہیرو تھے۔
وسیم اکرم سے اپنے دور کے 5 بہترین کرکٹرز کا نتخاب کرنے کو کہا گیا تو اُنہوں نے کہا کہ میرے لیے سب سے بہترین کرکٹر عمران خان ہیں کیونکہ انہوں نے پاکستان کے لیے بہت کچھ کیا، دوسرے نمبر پر ویو رچرڈز، تیسرے نمبر پر مارٹن کرو، چوتھے نمبر پر برائن لارا اور پانچویں نمبر پر سچن ٹنڈولکر ہیں۔
اُنہوں نے کیریئر کے کچھ مشکل ترین مقابلوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے ون ڈے میچز میں ایڈم گلکرسٹ کے خلاف کھیلتے ہوئے مشکل ہوئی۔
وسیم اکرم سے کرکٹ کھیلنے کے لیے بہترین ممالک کے بارے میں پوچھا گیا تو اُنہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی ایک ملک کا انتخاب کرنا مشکل ہے لیکن مجھے کرکٹ کھیلنے کے لیے انگلینڈ اپنی بھرپور تاریخ، بہترین سہولتوں اور آسان سفر کی وجہ سے خاص لگا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ 1989ء میں جب ہم آسٹریلیا گئے تو عمران خان نے مجھ سے کہا تھا کہ اگر آپ آسٹریلیا کے خلاف ان کی اپنی کنڈیشنز میں اچھا پرفارم کرتے ہیں تو آپ کو فوراً پہچانا جائے گا اور بالکل ایسا ہی ہوا تو اس لیے آسٹریلیا بھی میرے لیے خاص ہے۔