• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ 2025ء: کلدیپ یادو نے شاہین آفریدی کی بیٹنگ کی تعریف کر دی

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

بھارت کے لیفٹ آرم اسپنر کلدیپ یادو نے ایشیا کپ 2025ء میں شاہین شاہ آفریدی کی شاندار بیٹنگ فارم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فاسٹ بولر اس وقت بیٹنگ میں بہت اچھا کھیل رہے ہیں۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں عمان کے خلاف بھارت کے آخری گروپ میچ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران کلدیپ یادو سے حریف بولرز کو سمجھنے کے حوالے سے سوال کیا گیا۔

اس پر انہوں نے تفصیل بتانے کے بجائے ان فارم بلے بازوں کا ذکر کیا اور خاص طور پر شاہین کی بیٹنگ کو سراہا۔

کلدیپ یادو کا کہنا تھا کہ جب آپ بولنگ کر رہے ہوتے ہیں تو آپ بلے بازوں کو پڑھنے کی کوشش کرتے ہیں، کچھ بیٹسمین واقعی اچھا کھیل رہے ہیں، شاہین آفریدی ان دنوں بہت اچھا کھیل رہے ہیں، پچھلے دو میچز میں انہوں نے جارحانہ شاٹس کھیلے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ میں غلطیوں سے بھی سیکھا جاتا ہے اور ہر میچ بہتری کا موقع فراہم کرتا ہے۔

واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی ایشیا کپ 2025ء میں بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کے میدان میں بھی کمال دکھا رہے ہیں، بھارت کے خلاف میچ میں جب پاکستان کے 83 رنز پر 7 کھلاڑی آؤٹ تھے تو شاہین نے کریز پر آ کر جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 16 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 33 رنز بنائے جس میں 4 چھکے بھی شامل تھے۔

اسی طرح متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں بھی شاہین نے شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے 14 گیندوں پر 29 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے اور پاکستان کو میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید