پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ایڈووکیٹ علی بخاری نے اڈیالہ جیل میں بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کی، جن سے گفتگو میں بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزيشن لیڈر مقرر کرنے کا فیصلہ مؤخر کیا جائے گا، پہلے موجودہ اپوزیشن لیڈرز اپنے قانونی آپشنز استعمال کریں گے۔
پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضمنی الیکشن میں حلقہ پی پی 87 سے مُنزہ فاطمہ امیدوار ہوں گی، این اے 66 سے عین احمد تحریکِ انصاف کی امیدوار ہوں گی، باقی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے امیدواروں کا پارٹی جلد فیصلہ کرے گی۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا، سیاسی کمیٹی کا کہنا ہے کہ علیمہ خان کے بیٹوں کو جس انداز میں گرفتار کیا گیا وہ قابلِ مذمت ہے۔