دہلی ہائی کورٹ نے آئی آر ایس افسر سمیر وانکھیڑے کو بالی ووڈ خان شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ویب سیریز دی بیڈز آف بالی ووڈ کے خلاف دائر ہتکِ عزت کا مقدمہ ممبئی کی عدالت میں لے جانے کی اجازت دے دی۔
بھارتی عدالت نے قرار دیا کہ دہلی ہائی کورٹ کو اس معاملے کی سماعت کا علاقائی اختیار (Territorial Jurisdiction) حاصل نہیں، جس کے بعد وانکھیڑے کو ممبئی کی متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی آزادی دے دی گئی ہے۔
سماعت کے دوران جسٹس وکاس مہاجن نے حکم دیا کہ دونوں فریقین 12 فروری کو ممبئی کی عدالت میں پیش ہوں۔
سمیر وانکھیڑے نے ابتدائی طور پر دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ہدایت کاری میں بننے والی نیٹ فلکس سیریز کی پہلی قسط میں دکھایا گیا کہ ایک کردار مجھ سے مماثلت رکھتا ہے اور یہ کردار میری ساکھ کو نقصان پہنچانے والا اور ہتک آمیز ہے۔
وانکھیڑے کے مطابق سیریز میں دکھائے گئے کردار کی شکل و صورت، انداز، رویہ اور باڈی لینگویج مجھ سے واضح مشابہت رکھتی ہے، جبکہ میڈیا رپورٹس میں بھی اس کردار کو مجھ سے جوڑا گیا ہے، خاص طور پر خان منشیات کیس میں ان کے کردار کے تناظر میں۔
انہوں نے عدالت سے متنازع مناظر ہٹانے یا ان پر پابندی عائد کرنے کی استدعا کی تھی اور مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کردار کشی سے میری عزت، وقار اور پیشہ ورانہ ساکھ متاثر ہوئی ہے۔
عدالت کے مطابق مقدمہ ممبئی منتقل کرنے کی وجہ یہ ہے کہ سمیر وانکھیڑے ممبئی میں مقیم ہیں جبکہ ریڈ چِلّیز انٹرٹینمنٹ جو اس سیریز کی پروڈیوسر ہے، اس کا رجسٹرڈ دفتر بھی ممبئی میں واقع ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ ویب سیریز کو شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چِلّیز انٹرٹینمنٹ نے پروڈیوس کیا ہے، جبکہ اس تنازع نے سیریز کی ریلیز کے بعد قانونی اور عوامی سطح پر خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔