پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کھیل کی تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کردیا، وہ 4 مختلف کلبز کیلئے 100 گولز مکمل کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔
سعودی سپر کپ کے فائنل میں الاہلی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر النصر کو 3-5 سے شکست دے دی۔ میچ مقررہ وقت میں 2-2 گول سے برابر رہا، تاہم اس دوران پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی شاندار کارکردگی سے نیا تاریخ ساز اعزاز اپنے نام کیا۔
40 سالہ رونالڈو نے پہلے ہاف کے 40ویں منٹ میں پنالٹی کک پر گول اسکور کیا، جو ان کے کلب النصر کےلیے 100واں گول تھا، وہ اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرواسکے تاہم انہوں نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کرلیا۔
اس گول کے ساتھ ہی 5 مرتبہ کے بیلن ڈی اور ایوارڈ یافتہ رونالڈو دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے 4 مختلف کلبز کے لیے 100 سے زائد گول اسکور کیے۔
واضح رہے کہ رونالڈو نے ریال میڈرڈ کے لیے 450، مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے 145، یوونٹس کے لیے 101 اور النصر کے لیے 100 گول کیے ہیں جبکہ انہوں نے پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے 138 گولز کیے۔