• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موٹروے پولیس کو تیز رفتار گاڑیوں کے سامنے آ کر اچانک روکنے کی ممانعت

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹرویز اور شاہراہوں کو بیریئرز فری کرنے اور’ای ٹیگ‘ مؤثر بنانے کی ہدایت کر دی۔

وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان کی زیرِ صدارت این ایچ اے ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا جس کے اعلامیے کے مطابق پہلے مرحلے میں ایم ون اور ایم ٹو کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم لاگو ہو گا۔

وزیرِ مواصلات نے ملک بھر میں تمام شاہراہوں پر مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ کی ہدایت بھی کی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موٹروے پولیس کو تیز رفتار گاڑیوں کے سامنے آ کر اچانک انہیں روکنے کی ممانعت کی گئی ہے۔

وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ انسانی جان زیادہ قیمتی ہے، موٹروے پولیس حفاظت کو ترجیح دے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ خلاف ورزی پر گاڑی مالکان کو موبائل پر پیغام جانا چاہیے۔

وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ موٹرویز کے دونوں اطراف شجر کاری کے لیے نجی شعبے کو شامل کریں۔

اجلاس میں شاہراہوں کے دونوں اطراف یکساں کمرشل پالیسی کے نفاذ پر غور و خوض بھی کیا گیا۔

وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام سے تجاویز لیں، ریونیو کی وصولی کو 100 فیصد ڈیجیٹلائز کیا جائے، این ایچ اے کمرشل اراضی کے لیے مناسب این او سی فیس رکھے، ہر شہر اور کاروبار کے لحاظ سے کیٹیگری بنائی جائے۔

قومی خبریں سے مزید