• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین: سینڈوچ کیلئے مایونیز نہ ملنے پر مشتعل گاہک نے کیفے کو آگ لگادی

اسپین کے شہر لاس پلاکوئیسی ولافرانکا میں حال میں ایک مشتعل گاہک نے کیفے کو آگ لگا دی، اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ کیفے کے اسٹاف نے اس سے کہا کہ ان کے پاس مایونیز ختم ہوگئی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ بالا گاہک اس ریسٹورنٹ میں اپنے بیٹے کے ساتھ آیا اور دو سینڈوچ آرڈر کیے۔

نگرانی کرنے والے کیمروں میں دیکھا گیا کہ ایک ویٹر سے گفتگو کرتے ہوئے یہ ٹیبل سے اٹھ کھڑا ہوا، 50 سال کی عمر کے اس گاہک نے ویٹر سے اپنے سینڈوچ میں مایونیز لگانے کو کہا، جس پر اسے بتایا گیا کہ ان کے پاس اس وقت یہ موجود نہیں، جس پر اس نے ایک اور ویٹر سے یہی کچھ کہا۔ 

جب اس کی جانب سے بھی نفی میں جواب ملا تو مذکورہ بالا شخص کیفے سے باہر نکلا اور قریبی گیس اسٹیشن گیا اور وہاں سے ایک بوتل پیٹرول لے کر واپس آیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق مایونیز کے اس شوقین شخص اس نے ایک بار پھر اسٹاف سے پوچھا کہ کیا اس کا فیوریٹ سوس موجود ہے، اس کا بھی نفی میں جواب ملا تو اس نے پیٹرول چھڑک کر وہاں آگ لگادی۔

اس دوران وہاں کافی کسٹمر موجود تھے۔ آگ دیکھ کر یہ مشتعل شخص اور دیگر گاہک وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے اس موقع پر حادثاتی طور پر اس شخص کا ہاتھ زخمی ہوا تاہم پولیس نے اس پکڑ لیا، اس شخص کا نام نہیں بتایا گیا۔ خوش قسمتی سے اسٹاف نے آگ بجھانے والے آلے کو استعمال کرکے اس پر قابو پالیا، تاہم ساڑھے 9 ہزار ڈالر کے مساوی چھوٹے موٹے نقصانات ہوئے۔ 

کیفے مالکان نے اس واقعے کو عجیب  قرار دیتے ہوئے عملے کی بروقت کارروائی اور نقصان کو کم سے کم رکھنے پر تعریف کی۔

دلچسپ و عجیب سے مزید