قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم نے ایشیا کپ 2025ء میں روایتی حریف بھارت کے خلاف ہونے والے بڑے ٹاکرے سے قبل اہم بیان دیا ہے۔
سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان بمقابلہ بھارت میچ 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا اور ہمیشہ کی طرح انتہائی سنسنی خیز ہوگا تاہم جو ٹیم دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھالے گی وہی میدان مارے گی۔
وسیم اکرم نے بھارتی میڈیا کے اس بیانیے پر بھی بات کی ہے جس میں بھارتی ٹیم کو اِن کی ’فیورٹ ٹیم‘ قرار دیا جا رہا ہے۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے میدان میں فیورٹ ہونے سے زیادہ اصل امتحان دباؤ میں کھیلنے کا ہوتا ہے اور پاکستانی ٹیم بھی بڑے مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
وسیم اکرم نے شائقین کو نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتی اپنے آپ کو محبِ وطن سمجھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم جیتے تو پاکستانی عوام بھی دل و جان سے اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستانی بھی جیت کی خواہش رکھتے ہیں لیکن سب سے ضروری بات یہ ہے کہ دونوں ملکوں کے شائقین کھیل کو کھیل کی حد تک رکھیں تاکہ یہ میچ سب کے لیے دلچسپ اور یادگار ثابت ہو۔
وسیم اکرم نے اس بات پر زور دیا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ شائقین کو بھی کھیل کی اصل روح کو برقرار رکھنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے کرکٹ شائقین کو نظم و ضبط اور برداشت کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ دنیا بھر میں کرکٹ کا مثبت پیغام جائے۔