چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت سے مذاکرات کی بھیک مانگنے کا وقت گزر گیا، جو کچھ ہوگا برابری کی بنیاد پر ہوگا۔
بورڈ آف گورنرز اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کے خلاف ہماری ٹیم بہت اچھا کھیلے گی، میرا ٹیم کی سلیکشن میں 1 فیصد بھی حصہ نہیں ہے۔
انہوں نے ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ سے متعلق سوال پر کہا کہ ٹیم کی سب سے بڑی سپورٹ یہ ہے کہ قوم ان کے ساتھ کھڑی ہو، قومی ٹیم پر بلاوجہ تنقید بند کی جانی چاہیے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ توقع ہے کھلاڑی دبئی میں اچھی پرفارمنس دکھائیں گے، ٹیم کی پرفارمنس مزید اچھی ہوگی، سلیکٹرز پروفیشنل ہیں اور انہیں میرٹ پر فیصلہ کرنے کا کہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم بھارت سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگیں گے، بھارت کے ساتھ جو بھی بات ہوگی برابری کی بنیاد پر ہوگی۔