وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت لاہور میں سیلابی صورتحال پر اجلاس میں متاثرہ اضلاع میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔
اس موقع وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیلاب متاثرین کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، اوکاڑہ اور سرگودھا میں فوج کی خدمات طلب کی گئی ہیں، جبکہ دریائے ستلج میں طغیانی سے قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر اور بہاولپور کے اضلاع متاثر ہوئے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سیلاب سے ضلع قصور کے 72 دیہات اور 45 ہزار افراد متاثر ہوئے جبکہ پاکپتن 12، وہاڑی 23، بہاولنگر 75 اور بہاولپور میں سیلاب سے 15 دیہات متاثر ہوئے۔ ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد اور 35 ہزار مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ میڈیکل ریلیف کیمپس میں 2600 سے زائد سیلاب متاثرین کا علاج کیا گیا۔
اس موقع وزیراعلیٰ نے سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر تمام اضلاع کے اسپتالوں میں ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی۔
اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگ زیب چیف سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔