ممبئی (ایجنسیاں)سی بی آئی نے بھارتی اداکارہ جیا خان کے قتل کیس کے معاملہ میں ممبئی ہائی کورٹ میں اپنی رپورٹ پیش کر دی ہے۔بولی وڈ اداکارہ جیا خان کی موت کے معاملہ میں نیا موڑ آ گیا ہے۔ سی بی آئی نے ممبئی ہائیکورٹ میں اپنی رپورٹ پیش کر دی ہے۔ سی بی آئی نے ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ جیا خان کا قتل نہیں ہوا تھا۔ یہ معاملہ خود کشی کا ہے۔ ادھر جیا خان کی والدہ رابعہ خان کا دعویٰ ہے کہ ان کی بیٹی کا قتل ہوا ہے اور ملزم سورج پنچولی کو بچانے کے لئے سی بی آئی اس کو خود کشی بتا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیا کی موت کے بعد ثبوتوں سے چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی۔ لیکن ایڈیشنل سالیسٹر جنرل انل سنگھ نے جسٹس نریش پاٹل اور جسٹس دیپک نائیک کی بنچ کو بتایا کہ سی بی آئی کے پاس ایسی کوئی وجہ نہیں ہے، جس کی وجہ سے ملزم کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہو۔سی بی آئی نے بتایا کہ جیا خان نے پنکھے سے لٹک کر خود کشی کی تھی۔ کمرے میں کسی دوسرے شخص کے داخل ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ جیا کے گلے پر جس نشان کی بات کہی جا رہی ہے، وہ دوپٹے کی وجہ سے بھی لگ سکتے ہیں۔ادھر ہائیکورٹ نے رابعہ خان سے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی موت سے متعلق پولیس اور سی بی آئی جانچ کی غلطیوں کو سامنے لائیں۔ رابعہ نے جیا کے بوائے فرینڈ اداکار سورج پنچولی کے خلاف خود کشی کے لئے اکسانے کی بجائے قتل کا معاملہ درج کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔