بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر لکھنئو میں 13 سالہ لڑکی سوشل میڈیا پر لڑکے سے دوستی کے جال میں پھنس گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 13 سالہ لڑکی کو انسٹاگرام پر دوستی کے ذریعے نوجوان نے اسے اپنے جال میں پھنسالیا، ملزم نے لڑکی کو نہ صرف ذہنی اور جسمانی طور پر استحصال کا نشانہ بنایا بلکہ اس سے لاکھوں روپے بھی بٹور لیے۔
پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد کی شکایت پر ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، آریان سنگھ نامی ملزم نے متاثرہ لڑکی کو انسٹاگرام پر فرینڈ ریکویسٹ بھیجی اور دوستی کے بعد اسے دھوکے سے اپنے جال میں پھنسایا، لڑکی کی جانب سے سوشل میڈیا پر بلاک کرنے کے باوجود نے ملزم نے ایک اور جعلی آئی ڈی بناکر اس سے رابطہ کیا اور اسے ڈرانے دھمکانے لگا، جس پر متاثرہ لڑکی نے اپنی بڑی بہن کو حقیقت بتائی تو اسے مزید دھمکیاں دینے لگا۔
متاثرہ لڑکی کے والد نے اپنی شکایت میں پولیس کو بتایا کہ ملزم نے بار بار قتل کی دھمکیاں دے کر بچی سے 45 سے 50 ہزار روپے تک وصول کیے۔
29 اگست کو آریان نے ایک موٹر سائیکل کے لیے 50 ہزار روپے یا زیورات کا مطالبہ کیا۔ مطالبہ پورا نہ ہونے پر وہ براہِ راست گھر پہنچ گیا، جہاں اہلخانہ نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور اسے گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔