بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں استاد نے طالبہ کی خودکشی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جے پور کے علاقے مہیش نگر میں ایک 19 سالہ میڈیکل کی طالبہ نے کوچنگ کی 3 منزلہ عمارت کی چھت سے کودنے کی کوشش کررہی تھی کہ استاد کی حاضر دماغی نے اس کی جان بچا لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ کو چھت پر کھڑا دیکھ کر سڑک پر موجود لوگوں نے جیسے ہی شور مچایا تو ایک استاد فوراً چھت کی طرف دوڑ کر گیا اور بروقت لڑکی کو پیچھے سے دبوچ کر کھینچ لیا، حالانکہ وہ لڑکی نیچے چھلانگ لگانے پر بضد تھی۔
بعدازاں طالبہ کو محفوظ طریقے سے نیچے لایا گیا اور کونسلنگ فراہم کی گئی۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ طالبہ کا تعلق راجستھان کے ضلع چورو سے ہے اور حالیہ دنوں میں اس نے انسٹیٹیوٹ کے چند ٹیسٹ چھوڑ دیے تھے۔
جمعہ کی دوپہر جب اس کے اہل خانہ انسٹیٹیوٹ پہنچے اور اس کی پڑھائی کے بارے میں دریافت کیا تو وہ دل برداشتہ ہو گئی اور چھت پر چڑھ گئی تھی۔