بھارتی شہر بنگلورو کی گلوبل اکیڈمی آف ٹیکنالوجی (GAT) کے پروفیسر سوشل میڈیا پر اپنی تعلیمی خدمات کے بجائے منفرد رقص کے سبب چھا گئے، ان کی ایک ڈانس ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں پروفیسر کو بالی ووڈ کے مشہور گانے ’مُقابلہ‘ پر جھومتے اور ڈانس مُووز کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ آس پاس موجود طُلبہ اِن کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں۔
یہ ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ہے جسے اب تک لاکھوں سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈانس کے دوران پروفیسر کا اچانک ایک جوتا ہوا میں اُڑ گیا لیکن اُنہوں نے سکون اور اعتماد کے ساتھ دوسرا جوتا بھی اتار کر رقص جاری رکھا جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔
جہاں کچھ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پروفیسر کی ڈانس پرفارمنس کو خوب سراہا جا رہا ہے وہیں کچھ صارفین پروفیسر کے عمل کو نامناسب قرار دے رہے ہیں۔
وائرل ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا، ’پروفیسر تو پیدائشی ڈانسر لگ رہے ہیں، مگر مجبوراً استاد بننا پڑ گیا۔‘
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’جس انداز میں دوسرا جوتا اتارا، کمال اسٹائل ہے،‘ جبکہ کئی لوگوں نے لکھا کہ پروفیسر کو اپنے شعبے کو اہمیت اور توجہ دینی چاہیے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ پروفیسر پُشپا راج خبروں کی زینت بنے ہوں، اس سے قبل بھی اِن کی ایک بیٹ باکس میوزک پر ڈانس ویڈیو وائرل ہو چکی ہے۔