• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپر کوہستان مالی اسکینڈل: گرفتار ملزمان کی جسمانی ریمانڈ میں مزید 4 روز کی توسیع

فوٹو فائل
فوٹو فائل

اپر کوہستان مالی اسکینڈل میں گرفتار 4 ملزمان کو احتساب عدالت پشاور کے جج علی گوہر کے سامنے پیش کر دیا گیا۔

عدالت نے چاروں ملزمان کو مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ ملزمان پہلے دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں تھے۔ 

تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان میں سینئر آڈیٹر اکاؤنٹنٹ جنرل عالم زیب اور نجی تعمیراتی کمپنی کے مالک شفیق شامل ہے۔ 

تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان میں بینک کیشیئر گل رحمان اور مشرف شاہ بھی شامل ہیں، ملزمان نے بغیر تصدیق کے تعمیراتی کمپنیوں کو ٹرانزیکشنز اور جعلی چیکس جاری کیے۔ 

تفتیشی افسر کے مطابق نجی تعمیراتی کمپنی کے مالک ملزم شفیق نے اکاؤنٹ کھولا اور بھاری ٹرانزیکشنز کیں، سینئر آڈیٹر اکاؤنٹنٹ جنرل عالم زیب نے دیگر ملزمان کی سہولت کاری کی۔ 

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی، مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔ 

جس پر عدالت نے نیب تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرلی اور چاروں ملزمان کی جسمانی ریمانڈ میں مزید چار روز کی توسیع کر دی۔

قومی خبریں سے مزید