• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: بیوی نے لاپتہ شوہر کو 7 سال بعد انسٹاگرام ریلز کے ذریعے ڈھونڈ نکالا

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع ہردوئی میں شادی کے کچھ عرصہ بعد لاپتہ ہونے والا شوہر انسٹاگرام ریلز کے ذریعے دوسری خاتون کے ساتھ پکڑا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جتیندر کمار کی 2017 میں مران نگر کی خاتون شیلو کے ساتھ  شادی  ہوئی، شادی کے کچھ عرصے بعد ہی ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی، مگر جتیندر اچانک لاپتہ ہوگیا، اپریل 2018 میں اس کی  گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کروائی گئی اور کافی تلاش کیا گیا مگر اس کا کچھ پتا نہیں چل سکا۔

اس دوران جتیندر کے اہلِ خانہ نے شیلو کے خاندان پر اس کے قتل کا الزام بھی لگایا اور شیلو اپنے بیٹے کے ساتھ میکے میں رہنے پر مجبور ہوگئی، مگر چند روز قبل قسمت نے حیرت انگیز موڑ لیا۔

ہوا کچھ یوں کہ جتیندر کی بیوی شیلو انسٹاگرام استعمال کررہی تھی کہ اس دوروان اسے ایک ریل  میں اس کا شوہر کسی دوسری عورت کے ساتھ لدھیانہ میں دکھائی دیا۔

شیلو نے دعویٰ کیا کہ جتیندر نے دوسری شادی کر لی ہے اور اسی عورت کے ساتھ رہ رہا ہے، جتیندر کے اہلِ خانہ کو بھی سب علم تھا لیکن انہوں نے کچھ ظاہر نہیں کیا۔

اس کا کہنا تھا کہ میں نے 2017 میں  جتیندر سے شادی کی تھی، جس کے بعد ہمارا ایک بیٹا بھی پیدا ہوا اور میرا شوہر لاپتہ ہو گیا۔ ان کے گھر والوں نے ایف آئی آر درج کروائی جس کی مجھے خبر تک نہیں تھی، اب ریلز کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ وہ لدھیانہ میں کسی دوسری عورت کے ساتھ رہ رہا ہے اور اس نے  شادی بھی کر لی ہے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ جتیندر کے گھر والوں نے میرے خاندان پر اس کے قتل کا الزام لگایا، جبکہ اصل میں انہی لوگوں نے میرے ساتھ سازش کی اور آج بھی مجھے گمراہ کر رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شادی کے ایک سال بعد جتیندر بغیر اطلاع کے گھر سے نکل گیا تھا اور گمشدگی کی ایف آئی آر بھی درج ہوئی تھی۔ اب شیلو نے شوہر کی موجودگی کی تصدیق کے بعد پولیس کو نئی درخواست دی ہے، پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید