بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے میں لڑکی والوں نے رشتہ طے کرنے کے بہانے لڑکے کو بلاکر تشدد کرکے قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پونے کے قریب پمپری چونچواڑ کے سانگووی علاقے میں ایک 26 سالہ نوجوان رمی شوار گھن گھٹ کو رشتہ طے کرنے کے بہانے لڑکی کے گھر والوں نے بلایا اور پھر اسے تشدد کرکے ہلاک کر دیا۔
مہاراشٹر پولیس کے مطابق واقعہ 22 جولائی کو پیش آیا، واقعے میں لڑکی کے والد سمیت 9 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ دو ملزمان فرار ہیں، 11 افراد کے خلاف قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول رمیشور اور لڑکی کے درمیان محبت کا تعلق تھا، مگر لڑکی کے گھر والے اس کے مخالف تھے، پھر بھی دونوں شادی کرنے پر بضد تھے، جس پر لڑکی کے گھر والوں نے رمیشور گھینگٹ کو شادی کے معاملے پر بات کرنے کے لیے بلایا۔
مقتول رمیشور اپنے والدین کے ہمراہ لڑکی کے گھر آیا، بات چیت کے دوران دونوں خاندانوں کے درمیان جھگڑا ہوا اور لڑکی کے والد سمیت دیگر افراد نے رمیشور کو ایک کمرے میں لے جا کر بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد سے رمیشور شدید زخمی ہوگیا، جسے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا، مگر ڈاکٹروں کی تمام کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکا۔