ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ناشتہ چھوڑنے سے ہڈیوں کی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔
ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مسلسل ناشتہ نہ کرنے سے ہڈیاں کمزور ہو سکتی ہیں اور آسٹیو پوروسس کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ناشتے میں لی جانے والی غذا جیسے دودھ، دہی، انڈے اور اناج کیلشیم اور وٹامن ڈی سے بھرپور ہوتے ہیں جو کہ ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے لیے اہم غذائی اجزاء ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق ہماری ہڈیاں مسلسل ٹوٹنے اور دوبارہ بننے کے عمل سے گزرتی ہیں اس لیے اگر جسم کو صبح کے وقت مناسب غذائیت نہیں ملتی ہے تو اس قدرتی نظام میں خلل پڑتا ہے جس سے ہڈیوں کے کمزور ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
محققین کو تحقیق کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ ناشتہ چھوڑنے سے جسم میں کورٹیسول نامی ہارمون میں اضافہ ہوتا ہے جو ہڈیوں کی کثافت میں کمی کا باعث بن سکتا ہے اور اس سے ہڈیوں کے طویل مدتی مسائل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
محققین کے مطابق جو لوگ ناشتہ نہیں کرتے وہ اکثر عمر بڑھنے کے ساتھ کیلشیم اور پروٹین کی کمی کا شکار ہوتے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ کمی ان کے جسم میں ہڈیاں ٹوٹنے اور فریکچر کے زائد امکانات کا باعث بن سکتی ہے۔
ماہرین صحت کا مشورہ ہے کہ ہڈیوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے دن کا آغاز کیلشیم سے بھرپور غذاؤں جیسے ڈیری مصنوعات، گری دار میوے یا اناج کے ساتھ کریں۔