مشہور ٹی وی سیریز گیم آف تھرونز کے اداکار لیام کننگھم غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے میں شہید ایک ننھی بچی کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
آئرش اداکار ان دنوں ایک بین الاقوامی فلوٹیلا (جہازوں کے قافلے) کا حصہ ہیں جو اسپین کے شہر بارسلونا سے غزہ کے لیے انسانی امداد لے کر روانہ ہوا۔
سفر پر روانہ ہونے سے قبل اداکار نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایک کم سن بچی فاطمہ کا ذکر کیا، جسے چند روز قبل اسرائیلی بمباری میں شہید کر دیا گیا تھا۔
انہوں نے حاضرین کو فاطمہ کی تصویر دکھائی اور اس کا آڈیو کلپ بھی سنایا۔
لیام کننگھم نے روتے ہوئے کہا کہ یہ معصوم بچی 5 یا 6 سال کی تھی، اس نے اپنی موت کی صورت میں اپنی آخری رسومات کے لیے خود ہی گیت منتخب کیا تھا، یہ کس قسم کی دنیا ہے جہاں ننھے فرشتے اپنی تدفین کے لیے انتظامات سوچنے پر مجبور ہوں؟
اداکار نے مزید کہا کہ فاطمہ کو اسرائیلی فوج نے قتل کر دیا اور اب وہی گیت اس کے جنازے پر پڑھا جائے گا۔
انہوں نے مغربی حکومتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فلوٹیلا کی روانگی اس بات کی علامت ہے کہ دنیا بین الاقوامی اور انسانی قوانین پر عمل درآمد کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، یہ ہماری تاریخ کا نہایت شرمناک دور ہے۔