• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسیم اکرم کا بابر اعظم کو بطور اینکر کھلانے کا مشورہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے قومی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کو اگلے ٹی ٹوئنٹی میچز میں مڈل آرڈر میں بطور اینکر شامل کریں۔

حال ہی میں وسیم اکرم نے جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے میزبان تابش ہاشمی کے دلچسپ سوالوں کے جوابات دیے اور پروگرام کے شرکاء سے بھی گفتگو کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے ایک سیگمنٹ میں کھیل کے شعبے سے منسلک مختلف شخصیات کو اہم مشورے بھی دیے۔


اسی سیگمنٹ میں انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بڑے ٹورنامنٹس میں جب دباؤ زیادہ ہوتا ہے تو اٹیکنگ مائنڈ سیٹ کے ساتھ تکنیکی طور پر مضبوط بلے باز کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے بابر اعظم کو درپیش مشکلات کے بارے میں بھی بات کی۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی ہم بنگلا دیش سے ہارے ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز 2-1 سے جیتی، لیکن مجھے لگتا ہے کہ ابھی بھی تھوڑی مستقل مزاجی کی ضرورت ہے۔ آگے بڑی سیریز آ رہی ہیں، ایشیا کپ آرہا ہے، پھر اگلے سال ورلڈ کپ ہے۔ مجھے تشویش ہے کہ تیسرے یا چوتھے نمبر پر اٹیکنگ مائنڈ سیٹ کے ساتھ کھیلنے والا بلے باز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو ناک آؤٹ میچ میں 140 یا 145 کا تعاقب کرنا ہے، مثال کے طور پر آپ کو انگلینڈ، آسٹریلیا، ہندوستان یا انگلینڈ کے خلاف میچ میں ایک اینکر کی ضرورت ہے جس کا اسٹرائیک ریٹ بھی اچھا ہو، کوئی ایسا جس کی تکنیک اچھی ہو اور وہ اٹیکنگ شاٹس بھی کھیل سکتا ہو۔

وسیم اکرم نے بابر اعظم کو ان کی سابقہ پرفارمنس کی بنیاد پر تجویز دی کہ اگر ٹی ٹوئنٹی میں، اگر آپ اسے (بابر اعظم کو) تیسرے نمبر پر کھلاتے ہیں، جیسا کہ انہوں نے سمرسیٹ کے لیے 140 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلا، تو وہ اچھا پرفارم کر سکتے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید