سہ فریقی سیریز میں یو اے ای کے خلاف دوسرے میچ میں محمد حارث جلدی آؤٹ ہونے پر مشتعل ہوگئے، بلا زمین پر پٹخ کر توڑ ڈالا۔
شارجہ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز میچ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث کے بیٹ توڑنے کے واقعے نے تنازع کھڑا کردیا۔
متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں محمد حارث صرف ایک رن بنا کر محمد جواداللّٰہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، آؤٹ ہونے کے فوری بعد حارث نے غصے میں اپنا بیٹ زمین پر مار کر توڑ ڈالا، یہ منظر کیمروں میں قید ہوگیا اور چند ہی لمحوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
مداحوں کی جانب سے اس واقعے پر ملا جلا ردِعمل سامنے آیا، کچھ نے حارث کے رویے کو غیرپیشہ ورانہ اور کھیل کی روح کے منافی قرار دیا۔
محمد حارث سیریز کے پہلے میچ میں بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے تھے، نوجوان بلے باز محمد حارث کے غصے میں آنے کی وجہ ان کی مسلسل ناکامی ہے، انہوں نے لگاتار 8 میچز میں ناکام ہونے کے بعد غصہ بلے پر نکال دیا۔
واضح رہے کہ محمد حارث نے یکم جون 2025ء کو لاہور میں بنگلادیش کے خلاف ٹی 20 میچ میں 46 گیندوں پر 107 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
تاہم، اس میچ کے بعد ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے محمد حارث کی پوزیشن مسلسل تبدیل ہونے کی وجہ سے وہ گزشتہ 8 اننگز میں نمایاں کارکردگی نہ دکھاسکے۔