پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا نواسی کی پیدائش پر کہنا ہے کہ سب سے بڑی نعمت آ چکی ہے، الحمد لِلّٰہ باقاعدہ نانا بن چکا ہوں۔
ثقلین مشتاق کی بیٹی اور داماد شاداب خان کے ہاں گزشتہ روز پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، جس پر پورا گھرانہ خوشی سے نہال نظر آ رہا ہے۔
شاداب خان جنوری 2023ء میں قومی ٹیم کے سابق کوچ اور مایہ ناز اسپنر ثقلین مشتاق کی بیٹی کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، انہوں نے گزشتہ روز اپنے والد بننے کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔
ثقلین مشتاق بھی نانا بننے کے بعد انتہائی خوش نظر آ رہے ہیں۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بیٹی کو مبارک باد دینے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے لکھا کہ سب سے بڑی نعمت آ چکی ہے، الحمدلِلّٰہ! میں اب باقاعدہ نانا بن گیا ہوں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا ہے کہ میرا دل پہلے سے زیادہ خوشی سے بھرا ہوا ہے اور میں بے صبری سے اسے گلے لگانے، کہانیاں سنانے اور آنے والے نئے سفر کا انتظار کر رہا ہوں۔
ثقلین مشتاق کے نانا بننے پر ساتھی کھلاڑیوں اور اسپورٹس سے وابستہ شخصیات بھی خوشی کا اظہار کر رہی ہیں، بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بھی انہیں مبارک باد دی ہے۔