برطانیہ کی تاریخ کا سب سے گرم موسمِ گرما 2025ء میں ریکارڈ کیا گیا، جس نے تمام پچھلے ریکارڈ توڑ ڈالے۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق جون سے اگست کے دوران اوسط درجہ حرارت 16.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو اب تک کا سب سے زیادہ ہے۔
اس سے قبل سب سے گرم موسمِ گرما 2018ء میں ریکارڈ ہوا تھا، جب اوسط درجہ حرارت 15.76 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا تھا۔
ماہرین کے مطابق موسمِ گرما میں بڑھتا درجہ حرارت موسمیاتی تبدیلی اور فضاء میں گرین ہاؤس گیسز کے بڑھتے اخراج کا واضح ثبوت ہے۔
رپورٹ کے مطابق جون اور جولائی کے مہینے غیر معمولی طور پر شدید گرم رہے اور کئی علاقوں میں درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد رہا، جبکہ بارشیں بھی بہت کم ہوئیں، موسمِ گرما 2025ء میں چار الگ الگ ہیٹ ویوز ریکارڈ ہوئیں۔
اگست میں چوتھی ہیٹ ویو کے دوران انگلینڈ میں 33.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور اسکاٹ لینڈ میں 31.6 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔