سوئٹزرلینڈ کی معروف فوڈ کمپنی نیسلے نے اپنے چیف ایگزیکٹو آفیسر لورانٹ فریکس کو اچانک برطرف کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لورانٹ فریکس کو ڈائریکٹ سب اورڈینیٹ کے ساتھ اپنے رومانوی تعلق کو چھپا کر بزنس کنڈکٹ کے ضابطے کی خلاف ورزی کرنے پر برطرف کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کمپنی نے باہر کے ایک وکیل کے تعاون سے چیئرمین پال بلکے اور لیڈ انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹر پابلو اسلا کی زیر نگرانی تحقیقات اس معاملے کی تحقیقات کیں۔
اس حوالے سے پال بلکے نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک ضروری فیصلہ تھا۔ ہماری کمپنی کی مضبوط بنیادیں اس کی اقدار ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں لورانٹ فریکس کا کمپنی کے لیے برسوں کی خدمات پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
لورانٹ فریکس کون ہیں؟
لورانٹ فریکس نے 1986ء میں فرانس سے نیسلے کمپنی کے لیے کام کرنا شروع کیا اور کمپنی کے یورپی آپریشنز کو 2014ء تک چلایا۔
اُنہوں نے 2008ء میں شروع ہونے والے بحرانوں سے نکلنے کے لیے کمپنی کی رہنمائی بھی کی۔
لورانٹ فریکس نے کمپنی میں سی ای او کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے کمپنی کے لاطینی امریکا میں موجود ڈویژن کی سربراہی کی۔
نیسلے نے نیا سی ای او کسے مقرر کیا؟
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کمپنی نے لورانٹ فریکس کی جگہ فلپ ناورٹیل کو نیا سی ای او مقرر کر لیا جو اس سے پہلے کمپنی کے ایگزیکٹیو وائس پریزیڈینٹ بھی رہ چکے ہیں۔
چیئرمین پال بلکے نے فلپ ناورٹیل کے بارے میں کہا کہ بورڈ پُراعتماد ہے کہ وہ ہمارے ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھائیں گے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی حکمت عملی میں کوئی تبدیلی نہیں کر رہے ہیں اور اپنی کارکردگی کی رفتار بھی نہیں کھوئیں گے۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ فلپ ناورٹیل نے2001ء میں نیسلے کے ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور وسطی امریکا میں کمپنی کے لیے مختلف کردار ادا کیے۔
اُنہوں نے 2013ء سے 2020ء تک میکسیکو میں کمپنی کے کافی اور مشروبات کے کاروبار کی قیادت کی۔