• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موئسچرائزنگ کے باوجود بھی جلد کے خشک رہنے کی وجہ کیا ہے؟ ماہرین نے بتا دیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

خشک جلد کو نرم اور ہموار رکھنے کے لیے موئسچرائزر کا استعمال کیا جاتا ہے لیکن بہت سے لوگ ایسے ہیں جن کی جلد موئسچرائزنگ کے باوجود بھی خشک ہی رہتی ہے۔

اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سچ یہ ہے کہ اگر جلد کے اندر موجود مسائل پر توجہ نہ دی جائے تو جلد کے اوپر کریمیں یا موئسچرائزرز لگانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

اومیگا 3 اور اومیگا 6 فیٹی ایسڈز کی کمی

ماہرین صحت کے مطابق، اومیگا 3 اور اومیگا 6 فیٹی ایسڈز جلد کی نمی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہیں، ان کے بغیر جلن اور جلد کے خشک ہونے کا زیادہ امکان ہوتا ہے اور یہ ضروری غذائی اجزاء چیا سیڈز، اخروٹ، السی اور کولڈ پریسڈ آئل میں پائے جاتے ہیں۔

وٹامنز اور منرلز کی کمی

صحت مند جلد کو برقرار رکھنے کے لیے مائیکرو نیوٹرینٹس بھی بہت ضروری ہیں، وٹامن ڈی کی کمی خشک، بے جان جلد کا باعث بنتی ہے جبکہ وٹامن اے اور وٹامن ای نمی برقرار رکھنے اور بحالی میں مدد کرتے ہیں۔

ان کے علاوہ، زنک کھردرے دھبوں کو کم کرنے اور ان سے نجات حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے۔

اگر خوراک میں ان غذائی اجزاء کی کمی ہو تو کوئی بھی موئسچرائزر ان کی کمی کو پورا نہیں کر سکتا۔

ڈی ہائیڈریشن اور الیکٹرولائٹس کا عدم توازن

جسم کو خلیوں میں پانی برقرار رکھنے کے لیے ناصرف پانی بلکہ الیکٹرولائٹس جیسے سوڈیم، پوٹاشیم اور میگنیشیم بھی چاہئیں اس لیے اگر کوئی پورا دن بھی پانی پیتا رہے لیکن اس کے جسم میں الیکٹرولائٹس کی کمی ہو تو بھی جلد خشک ہو سکتی ہے۔

ہارمونز اور تھائیرائڈ کا عدم توازن

ہائپوتھائیرائڈزم، پیری مینوپاز یا ایسٹروجن اور پروجیسٹرون کی سطح میں تبدیلی کی وجہ سے جلد میں قدرتی تیل کی پیداوار کم ہو سکتی ہے اور موئسچرائزرز اس کمی کو پورا نہیں کر سکتے تو اس لیے ضروری ہے کہ طبی معائنے کی مدد سے اس مسئلے کا پتہ لگایا جائے اور اسے حل کیا جائے۔

آنتوں اور ہاضمے کے مسائل

پیٹ میں تیزابیت، خراب ہاضمہ اور آئی بی ایس جیسے مسائل جسم میں جلد کو صحت مند رکھنے میں مدد کرنے والے اہم غذائی اجزاء کو جذب کرنے کی صلاحیت کو کم سکتے ہیں تو ایسی صورتحال میں جلد کی نمی کو پروبائیوٹکس، فائبر سے بھرپور غذا اور مناسب طبی نگہداشت کے ذریعے آنتوں کی صحت کو فروغ دے کر بڑھایا جا سکتا ہے۔

صحت سے مزید