• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف شخصیات کا کوئی بھی فعل ذاتی نہیں ہوتا: ژالے سرحدی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

سماجی مسائل پر کھل کر بات کرنے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل ژالے سرحدی نے ساتھی اداکارہ ہانیہ عامر اور یوٹیوبر ڈکی بھائی سے متعلق جاری حالیہ تنازع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

اداکارہ نے نجی میگزین کے پوڈکاسٹ کو انٹرویو دیا جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

حال ہی میں اداکارہ ہانیہ عامر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں چلتی بائیک پر کھڑے ہو کر اسٹنٹ کرتے دیکھا گیا، جبکہ کچھ عرصہ قبل یوٹیوبر ڈکی بھائی کی بھی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں آنکھیں بند کر کے پیروں سے گاڑی چلاتے دیکھا گیا تھا۔

دورانِ انٹرویو میزبان نے صرف ویوز کی خاطر اس طرح کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے سے متعلق ژالے سرحدی سے سوال پوچھا۔

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ جب کوئی مشہور شخصیات سوشل میڈیا پر کچھ پوسٹ کرتی ہیں تو لازمی اس کا اثر عوام پر ہوتا ہے، پھر چاہے مشہور شخصیات یہ کہیں کہ یہ میرا ذاتی فعل ہے، یہ ذاتی فعل نہیں رہتا، کہیں نہ کہیں عوام اس سے متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چلیں فنکاروں کے پاس اتنی گنجائش ہے کہ ہم اکثر شوٹ کر رہے ہوتے ہیں اور اس کی ویڈیو یا تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو جاتی ہے تو اس کے لیے کچھ نہیں کیا جاسکتا، ہانیہ کا معاملہ بھی یہی تھا وہ کسی پروجیکٹ کی شوٹ کر رہی تھیں اس لیے ان کا قصور نہیں ہے لیکن ڈکی بھائی نے ویوز کی خاطر ایسا کیا۔

انہوں نے ڈکی بھائی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈکی بھائی نے ویوز کی خاطر بہت سارے غلط کام کئے ہیں اسی لیے آج گرفتار بھی ہیں۔ میرا نئے آنے والوں کو یہی مشورہ ہے کہ وہ اس طرح کے کام نہ کریں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید