• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکرینی صدر زیلنسکی ماسکو آ جائیں، ملاقات کیلئے تیار ہوں: روسی صدر پیوٹن

روسی صدر ولادیمر پیوٹن—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
روسی صدر ولادیمر پیوٹن—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

روسی صدر ولادیمر پیوٹن نے کہا ہے کہ یوکرین کے نیٹو اتحاد میں شامل ہونے کے خلاف ہیں، یوکرینی صدر زیلنسکی ماسکو آ جائیں، ملاقات کے لیے تیار ہوں۔

بیجنگ میں روسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کا دورہ مثبت اور مفید رہا، ہم طویل عرصے سے سائبیریا پائپ لائن منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔

روسی صدر نے کہا کہ دنیا بشمول چین میں توانائی کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے، چین کے ساتھ باہمی مفاد پر معاہدے کر رہے ہیں، توانائی کی قیمتیں مارکیٹ فارمولے کی بنیاد پر ہوتی ہیں۔ 

صدر پیوٹن نے کہا کہ ہم چین کو 100 ارب کیوبک میٹر گیس فراہم کریں گے، ہر ملک اپنے لیے سیکیورٹی ضمانتوں کا انتخاب کر سکتا ہے، یہ بات یوکرین پر بھی لاگو ہوتی ہے، ساتھ ہی روس کے لیے بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یوکرین کے نیٹو اتحاد میں شامل ہونے کے خلاف ہیں، ہم یوکرین میں علاقوں کے لیے نہیں، لوگوں کے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔

صدر پیوٹن نے کہا کہ یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات کے لیے تیار ہوں، لیکن کوئی فائدہ بھی ہے؟ زیلنسکی ماسکو آ جائیں، ملاقات بھی ہو جائے گی، یوکرین تنازع پر قابلِ قبول حل کے لیے متفق ہو سکتے ہیں۔ 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسا نہ ہوا تو اس تنازع کو فوجی طریقے سے حل کریں گے، روسی افواج یوکرین میں ہر محاذ پر آگے بڑھ رہی ہیں، یوکرین بڑے پیمانے پر جنگ کرنے کے قابل نہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید