جاپان کی آن لائن استعمال شدہ اشیاء کی مارکیٹ نے حمل میں دھوکا دہی سے بچنے کے لیے الٹرا ساؤنڈ تصاویر کی فروخت پر پابندی لگا دی۔
اس حوالے سے جاپان کی مرکزی استعمال شدہ آن لائن مارکیٹ ’مرکاری‘ نے اپنے پلیٹ فارم پر دورانِ حمل کے الٹرا ساؤنڈ کی تصاویر کی فروخت روکنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ لوگوں کو حمل میں دھوکا دہی کے لیے ان کے استعمال سے روکا جا سکے۔
ماں کے پیٹ میں موجود بچوں کے الٹرا ساؤنڈ فوٹوز کی استعمال شدہ مارکیٹ میں فروخت حیران کن ہے، لیکن اب سے پہلے ’مرکاری‘ نے ان کے خلاف ایکشن لینے پر غور نہیں کیا تھا۔
ایک شخص نے اس پلیٹ فارم پر بڑی تعداد میں الٹراساؤنڈ کی تصاویر اور حمل کے پازیٹو ٹیسٹ دیکھنے کے بعد ان کو ایکس پر شیئر کر کے صارفین سے اس پر رائے مانگی، یہ پوسٹ وائرل ہوئی اور سینکڑوں افراد نے اس پر کمنٹس کیے۔
سوشل میڈیا صارفین میں سے زیادہ تر کا اتفاق تھا کہ صرف دو منطقی جوابات ہو سکتے ہیں یا تو کسی کے ساتھ مذاق کرنا، یا کسی کو یہ یقین دلاتے ہوئے دھوکا دینا کہ آپ اسے حاملہ کر چکے ہیں۔
مذکورہ بالا صورتِ حال کو سامنے رکھتے ہوئے ’مرکاری‘ نے اپنی آن لائن استعمال شدہ اشیاء کی مارکیٹ میں اس کی فروخت پر پابندی لگا دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان میں کچھ عورتیں جھوٹ موٹ حاملہ ہونے کا دعویٰ کر کے ان مردوں سے پیسے وصول کرتی ہیں جن سے ان کے تعلقات رہے ہوں۔
ایسا اکثر اس طرح ہوتا ہے کہ عورت مرد سے حمل ضائع کروانے کے لیے رقم مانگتی ہے یا اگر وہ مرد شادی شدہ ہو تو اُسے بلیک میل کرتی ہے۔
اس دھوکے میں استعمال ہونے والی اشیاء میں الٹراساؤنڈ کی تصاویر، مثبت حمل کے ٹیسٹ اور دیگر جعلی ثبوت اس پلیٹ فارم سے حاصل کیے جاتے رہے ہیں۔