معروف امریکی ڈرامہ سیریل فرینڈز کے اداکار میتھیو پیری کی موت کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، کیٹامائن کی غیرقانونی سپلائر کے نام سے مشہور خاتون جسوین سنگھا نے عدالت میں جرم تسلیم کر لیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق جسوین سنگھا جو Ketamine Queen کے نام سے جانی جاتی ہیں انہوں نے لاس اینجلس کی عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کیا۔
سنگھا پر الزام تھا کہ وہ منشیات فراہم کرنے، منشیات کے اڈے چلانے اور ایسی منشیات تقسیم کرنے میں ملوث رہی ہیں جس کے نتیجے میں موت یا سنگین نقصان ہوا، سنگھا کیس کی آخری ملزمہ ہیں جنہوں نے اعتراف جرم کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان الزامات پر جسوین سانگھا کو کئی دہائیوں کی سزا ہو سکتی ہے۔
پراسیکیوٹرز کے مطابق سنگھا نے منشیات ایرک فلیمنگ نامی شخص کو فراہم کیں، جس نے یہ کیٹامائن آگے پیری کے ذاتی اسسٹنٹ کینیٹھ ایواماسا تک پہنچائیں۔
محکمۂ انصاف نے انکشاف کیا کہ فلیمنگ نے سنگھا سے 50 وائلز حاصل کیں اور انہیں ایواماسا کے حوالے کیا، بعدازاں ایواماسا نے 28 اکتوبر 2023ء کو پیری کو کم از کم 3 انجیکشن لگائے جو اوورڈوز کا باعث بنے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق جب سنگھا کو میڈیا رپورٹس سے پیری کی موت کی خبر ملی تو اس نے فلیمنگ کو کال کی اور خود کو معاملے سے دور رکھنے پر بات کی۔
یاد رہے کہ میتھیو پیری اکتوبر 2023ء میں لاس اینجلس کے اپنے گھر کے جکوزی میں مردہ پائے گئے تھے، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کی موت کی بنیادی وجہ کیٹامائن کا زیادہ استعمال قرار دی گئی تھی۔