’کیٹامین کوئین‘ کے نام سے مشہور، امریکی منشیات فروش خاتون نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ہی وہ منشیات فراہم کی تھیں جس سے ہالی ووڈ اداکار اور مقبول ٹی وی سیریز ’فرینڈز‘ کے اداکار میتھیو پیری کی موت واقع ہوئی۔
یاد رہے کہ 54 سالہ اداکار میتھیو پیری اکتوبر 2023ء میں اپنے گھر کے باتھ ٹب میں مردہ پائے گئے تھے، فرانزک رپورٹ میں ان کے جسم میں ’کیٹامین‘ کی خطرناک حد تک زیادہ مقدار پائی گئی جس کے بعد ان کی موت پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔
امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق امریکا اور برطانیہ کی دوہری شہریت رکھنے والے منشیات ڈیلر 42 سالہ جسوین سانگھا آئندہ ہفتوں میں عدالت میں باضابطہ طور پر میتھیو پیری کی موت کا اعترافِ جرم کریں گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جسوین سانگھا اگست 2024ء سے امریکی وفاقی حراست میں ہیں۔
محکمۂ انصاف کے مطابق جسوین سانگھا نے ایرک فلیمنگ کے ذریعے میتھیو پیری کے ذاتی اسسٹنٹ، کینیٹ ایواماسا کو ’کیٹامین‘ فروخت کی تھی، ایواماسا نے متعدد مرتبہ میتھیو پیری کو اس ڈرگ کے انجکشن لگائے جن میں سے آخری بار 28 اکتوبر 2023ء کو دی گئی تین خوراکیں اداکار کی موت کا سبب بنیں۔
جسوین سانگھا نے پیری کی اچانک موت کی خبر سننے کے بعد اپنے ساتھی کو پیغام بھیجا تھا کہ ’ہمارے تمام پیغامات ڈیلیٹ کر دو۔‘
جسوین سانگھا پر ایک ڈرگ ہاؤس قائم کرنے اور متعدد افراد کو کئی بار کیٹامین کی ڈیلیوری دینے کا الزام ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان الزامات پر جسوین سانگھا کو کئی دہائیوں کی سزا ہو سکتی ہے جبکہ ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ’جسوین سانگھا اپنے اعمال کی ذمہ داری لے رہی ہیں۔‘
یاد رہے کہ امریکی اداکار میتھیو پیری طویل عرصے تک نشے کے عادی رہے اور 2022ء میں لکھی گئی کتاب ’فرینڈز، لوَرز اینڈ دی بگ ٹیراِبل تِھنگ‘ میں انہوں نے کئی بار ڈی ٹاکس سینٹرز میں داخلے اور دوبارہ نشے میں مبتلا ہونے کا اعتراف کیا ہے۔