پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے 10 ویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے 6 سے 9 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اور کچھ علاقوں میں فلش فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 10ویں اسپیل میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانولہ، لاہور اور سیالکوٹ میں بارشیں متوقع ہیں۔
اس کے علاوہ نارووال، حافظ آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، سرگودھا اور میانوالی، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 7 سے 9 ستمبر کے دوران ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے جبکہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث ندی نالے بپھر سکتے ہیں۔