نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں ایک خاتون ڈرائیور کی لاپرواہی بڑے حادثے کا باعث بن گئی۔ گاڑی فیری ٹرمینل سے ٹکرا کر سمندر میں جاگری۔
پولیس کے مطابق خاتون نشے کی حالت میں اپنی ایس یو وی گاڑی چلا رہی تھی کہ اچانک فیری ٹرمینل کی رکاوٹ توڑ کر گاڑی سیدھی سمندر میں گرگئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی فٹ پاتھ عبور کرتے ہوئے بائیک شیلٹر اور ٹرمینل کے شیشے توڑتی ہوئی تیز رفتاری سے آگے بڑھی اور پل کے کنارے سے چھلانگ لگا کر سمندر میں جا گری، ٹکر کے نتیجے میں شیشے اور لوہے کے ٹکڑے چاروں طرف بکھر گئے جبکہ گاڑی چند ہی لمحوں میں پانی میں ڈوب گئی۔
حادثے کے فوراً بعد قریبی موجود شہریوں نے خاتون کو بچانے کے لیے لائف رنگ پھینکے اور اسے پانی سے نکالا۔ خوش قسمتی سے خاتون محفوظ رہی اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نشے میں تھی اور اس کے خلاف زائد مقدار میں شراب نوشی پر کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور عینی شاہدین نے اسے ایک نہایت ہولناک منظر قرار دیا۔