• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لگتا ہے امریکا نے چین کے ہاتھوں بھارت، روس کو کھو دیا، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ امریکا نے بھارت اور روس کو چین کے ہاتھوں کھو دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے صدر کے ساتھ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

امریکی صدر نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ خدا کرے دونوں ممالک کا چین کے ساتھ مستقبل طویل اور خوشحال ہو۔

2 روز پہلے بھی امریکی صدر ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کو طنزیہ پیغام میں کہا تھا کہ امریکا کے خلاف سازش کرتے ہوئے پیوٹن اور کم جونگ کو ان کی نیک خواہشات پہنچائیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین کی فوجی پریڈ کی تقریب خوبصورت اور بے حد متاثر کن تھی، چینی صدر کی تقریر دیکھی، صدر شی جن پنگ میرے دوست ہیں، ان کی تقریر میں امریکا کا ذکر ہونا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے چین کی بہت زیادہ مدد کی تھی، اگلے ایک دو ہفتے میں معلوم ہو گا کہ روس سے تعلقات کتنے اچھے ہیں، آنے والے دنوں میں روسی صدر پیوٹن سے بات کروں گا۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ روسی صدر پیوٹن کے لیے کوئی پیغام نہیں ہے، روسی صدر کو معلوم ہے کہ میرا کیا مؤقف ہے، وہ صرف کسی نہ کسی طرح فیصلہ کر لیں گے۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ روس کا جو فیصلہ ہو گا ہم اس پر خوش ہوں گے یا ناخوش، اگر ہم ناخوش ہوئے تو آپ چیزیں ہوتی دیکھیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید