• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ نے غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی حملے سے لاعلمی کا اظہار کردیا

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی حملے سے لاعلمی کا اظہار کردیا۔

اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس حملے کے بارے میں نہیں جانتے، لیکن وہ اس پر خوش نہیں ہیں۔ یہ سب نہیں دیکھنا چاہتے، ہمیں اس بھیانک خواب کو ختم کرنا ہوگا۔

غزہ کے النصر اسپتال پر اسرائیلی فوج کے یکے بعد دیگرے دو فضائی حملوں میں آج مریضوں، ڈاکٹروں، شہری دفاع کے رضاکاروں اور پانچ صحافیوں سمیت 20 افراد شہید ہوگئے۔ 

اسپتال پر ہوا حملہ "الغاد ٹی وی" پر اس وقت لائیو نشر ہوا، جب یہ ٹی وی ریسکیو کارروائیوں کی لائیو کوریج کر رہا تھا۔

اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والوں میں غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کا کیمرہ مین حسام المصری، امریکی خبر ایجنسی اے پی اور برطانوی اخبار انڈیپینڈنٹ کی نامہ نگار مریم ابودقہ، امریکی ٹی وی این بی سی کا صحافی معاذ ابوطحٰہ، الجریزہ کا فوٹو جرنلسٹ محمد سلامہ اور قدس نیٹ ورک کا صحافی احمد ابو عزیز شامل ہیں۔

الجزیرہ کے فوٹو جرنلسٹ محمد سلامہ کی کچھ دنوں پہلے ہی ساتھی صحافی ہالا اصفور کے ساتھ منگنی ہوئی تھی، ان کی شادی، عنقریب ہونا تھی، تاہم وحشیانہ اسرائیلی بمباری نے ان دونوں کے زندگی بھر ساتھ نبھانے کا خواب پورا نہیں ہونے دیا۔

 صبر و ہمت کا پیکر ہالا اصفور نے زندگی کا ساتھی بننے والے محمد سلامہ کو سفر آخرت پر روانہ کیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید