یومِ دفاع کے موقع پر کراچی میں بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس کے دستے نے مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایئر افسر کمانڈنگ، ایئر وائس مارشل شہریار خان تھے۔
اس موقع پر تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار خان نے مزارِ قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر رکھی۔
مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالنا پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے لیے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے جب ہم نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا، ہم ہر محاذ پر تیار کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا، ہمیں فخر ہےکہ پاک فضائیہ جنگ کے علاوہ امن کے وقت میں بھی پیش پیش ہوتی ہے۔