وفاقی حکومت کے بیرونِ ملک سے مزید چینی منگوانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، جس کے سلسلے میں ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان (ٹی سی پی) ٹینڈر کل کھولے گا۔
وفاقی حکومت نے چینی سرکاری سطح پر ٹی سی پی کے ذریعے درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس پر ٹیکسز سے استثناء بھی دیا گیا تھا۔
ٹی سی پی نے 8 ستمبر 2025ء تک 1 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے بولیاں طلب کر رکھی ہیں، اس حوالے سے 25 ہزار ٹن سے کم کی بولی منظور نہیں کی جائے گی۔
ٹی سی پی نے اس سے قبل 2 لاکھ ٹن چینی کی درآمد کے لیے ٹینڈر 21 اگست کو کھولا تھا، جس کے لیے 6 بولیاں موصول ہوئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ٹی سی پی کو ٹینڈر کے تحت کم سے کم بولی560 ڈالرز فی میٹرک ٹن ملی تھی جبکہ بولیاں 560 تا 592 ڈالرز فی میٹرک ٹن موصول ہوئیں تھیں۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے رواں سال جولائی میں 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دے رکھی ہے۔