ملتان کے کیپٹل پولیس آفیسر (سی پی او) کا کہنا ہے کہ ملتان میں جلالپور پیر والا شہر کو خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
سی پی او کا کہنا ہے کہ دریائے چناب کے پانی سے شہر کے قریب بنائے جانے والا بند کسی بھی وقت ٹوٹ سکتا ہے، اس لیے شہری فوری طور پر مکانات خالی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
پولیس کی جانب سے جلالپور پیر والا کی مساجد میں اعلانات کروائے گئے۔
دوسری جانب لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لیے 5 تھرمل ٹیکنالوجی ڈرون منگوائے گئے ہیں۔
سی پی او کا کہنا ہے کہ تحصیل جلالپور کے لیے 50 کشتیاں مزید منگوائی گئی ہیں، توقع ہے کہ آج رات پھنسے ہوئے تمام افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے دریائےستلج میں ایک بار پھر اونچے درجے کے سیلاب سے متعلق الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کو سیلابی صورتحال کے بارے میں معلومات فراہم کی ہیں۔
دریائے ستلج میں ہریکے ڈاؤن اسٹریم اور فیروز پور ڈاؤن اسٹریم میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، دریائےستلج پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ سول انتظامیہ پاک فوج اور دیگر متعلقہ محکمے الرٹ ہیں، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کا کہنا ہے کہ اس وقت جلالپور پیر والا میں 25 ریسکیو بوٹ آپریشنل ہیں، مزید 38 کشتیاں جلالپور روانہ کر دی گئیں، مظفر گڑھ، علی پور جتوئی کے شہریوں سے اپیل ہے فوری انخلا کریں، جلالپور پیر والا میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، شہریوں کو محفوظ مقامات منتقل کیا جا رہا ہے، رات اور پانی کے تیز بہاؤ کے باوجود ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
مظفرگڑھ میں عظمت پور زمیندارہ بند ٹوٹنے سے متعدد بستیاں زیر آب آگئیں، متاثرہ بستیوں میں ہزاروں ایکڑ پر فصلوں کو نقصان پہنچا۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ متاثرین کے لیےفلڈ ریلیف کیمپ قائم کردیا گیا ہے، بند ٹوٹنے سے7 ہزار سے زائد افراد کو نقل مکانی کرنی پڑی۔
بہاولپور میں دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب آیا، تحصیل حاصل پور میں متعدد زمیندارہ بند ٹوٹ گئے، موضع پلہ، چھوہن، نصیر پور، خیرو دیہ، لڈن ریاستی، نور پور، نورو چکری سمیت متعدد دیہات زیر آب آگئے۔