• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا میں دریائے چناب کے پانی سے تباہی، چار افراد ڈوب کر جاں بحق


ملتان کی تحصیل جلالپوپیروالا میں دریائے چناب کا پانی تباہی مچا رہا ہے، 4 افراد سیلاب میں ڈوب گئے۔

ملتان کی تحصیل جلال پور پیروالا سیلاب میں گھر گئی، شہری آبادی کو خالی کروانے کے اقدامات، بازار بند کرواديے گئے، شہری آبادی بچانے کے لیے مضافاتی بند میں شگاف ڈالنے سے 70 گاؤں ڈوب گئے۔

ملتان شہرکے قریب اکبر فلڈ بند پر پانی کی سطح بلند ہوگئی، شیر شاہ ٹول پلازہ کی سڑک پر پانی آگیا، مظفر گڑھ میں زمیندارہ بند ٹوٹ گيا، متعدد بستیاں پانی میں گھر گئيں، ہزاروں ایکڑ پر فصلوں کو نقصان پہنچا، سیلابی پانی میں گھرے مظفر گڑھ میں مزید شدید بارش ہوئی، کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے، گلی محلوں میں پانی جمع اور لوگ گھروں میں محصور ہوگئے۔

 رحیم یار خان میں لیاقت پور میں بھی بند ٹوٹ گیا، دیہی علاقے زیر آب آگئے، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کارروائياں جاری ہیں، علاقے کے 16 دیہات میں محصور 2 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گيا۔

دریائے سندھ میں آج انتہائی اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے، کوٹ مٹھن کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا، کچے سے بڑی تعداد میں لوگوں کی محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی جاری ہے۔

انتظامیہ نے دوبارہ علاقہ مکینوں سے گھر خالی کرنے کی اپیل کردی، دریائے سندھ کے گڈو بیراج کے مقام پر پنجاب سے سیلابی پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، کشمور کے کچے کے علاقے خطرے کی زد میں ہیں، دادو کی کیرتھر پہاڑی سلسلوں میں بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے  این ڈی ایم اے کو سیلابی صورتحال میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

سیلابی صورتحال اور ریسکیو اقدامات سے متعلق جائزہ اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب میں لاپتا افراد کی تلاش کا عمل تیز کیا جائے۔

این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں،صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سے تعاون اور خطرے سے دو چار علاقوں میں بروقت انخلاء سے متعلق بھی مکمل تیاری  کرنے کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی۔

قومی خبریں سے مزید